وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں زچہ و بچہ کی صحت اور بہترین نشوونما کو یقینی بنانے کے لیے 120 فیملی ویلفیئر سنٹرز کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے۔ خاندانی منصوبہ بندی پر عملدرآمد وقت کا تقاضا ہے جو خوشحال اور باوقار معاشرے کا ضامن ہے۔ محکمہ بہبود آبادی کے تمام منصوبوں کا محور عوام ہے اور اس کا حقیقی فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے خلوصِ دل سے کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیکرٹری محکمہ بہبودِ آبادی کے دفتر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی عماد علی لوہانی کے علاؤہ ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی عائشہ احسن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی برائے بہبود آبادی کو محکمہ کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں اور ان پر اب تک کے عملدرامد پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ عوام کے فلاح و بہبود اور خاندانی منصوبہ بندی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ انتک محنت کرے کیونکہ ان منصوبوں کی تکمیل میں زرہ کوتاہی اور ہیلے بہانے برداشت نہیں کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ آبادی کے بے ہنگم اضافے کو کنٹرول کرنا اشد ضروری ہے کیونکہ خوشحال زندگی اور لوگوں کو یکساں بنیادی ضروریات کی فراہمی اسی کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے محکمہ اپنے عملے سے فوکل پرسن منتخب کریں تاکہ کوئی کوتاہی یا کمی نا رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کو مزید موثر بنانے کے لیے ریجنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کو مزید بہتر طریقے سے چلایا جائے تاکہ خاندانی منصوبہ بندی کے اہلکار دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر لوگوں کی خدمت جاری رکھ سکیں۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے تو پورے خلوص نیت سے ایک ٹیم بن کر عوام کی خدمت اور ان کے معیار اورامنگوں پر پورا اترنے کے لیے اپنی بھرپور توانائی خرچ کریں۔