خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و پرو چانسلر میناخان آفریدی کی زیر صدارت عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے 25-2024 بجٹ کے حوالے سے سینیٹ اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا، اجلاس میں محکمہ خزانہ، اعلیٰ تعلیم، اسٹبلشمنٹ، ہائیرایجوکیشن کمیشن کے نمائندوں سمیت دیگر سینیٹ اراکین نے شرکت کی، اجلاس میں یونیورسٹی کے سال 24-2023 کے نظرثانی شدہ بجٹ اور 25-2024 کے بجٹ پر بھی بحث ہوئی، بجٹ اجلاس میں یونیورسٹی کے سالانہ اخراجات، تنخواہوں، مختلف الاؤنسز، ٹیوسن فیس، گرانٹ ان ایڈ سمیت بجٹ ہیڈز پر تفصیل گفتگو ہوئی، اجلاس میں اراکین کی طرف سے مختلف تجاویز بھی سامنے آئیں، صوبائی وزیر اور دیگر اراکین نے متفقہ طور پر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے سال 25-2024 بجٹ گزشتہ سال کے بجٹ کی تھرڈ پارٹی اور اے جی سے آڈٹ کرانے کی مشروط منظوری دیدی، اس موقع پر صوبائی وزیر میناخان نے ہدایت کی کہ 6 مہینوں میں اے جی اور تھرڈپارٹی آڈٹ کو یقینی بنایا جائے۔