مشیر صحت احتشام علی کا نصیر اللہ بابر ہسپتال کا دورہ

ایمرجنسی میں ادویات کی عدم دستیابی اور صفائی کی ابتر صورت حال پر برہم، متعلقہ حکام کو ہسپتال بارے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

مشیر صحت احتشام علی نے شام کو کوہاٹ روڈ پر واقع نصیر اللہ بابر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی میں آئی مریضوں سے ملے اور ان کی شکایات سنیں۔ موقع پر موجود ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور ہسپتال کے وسائل اور مسائل بارے مختصر جائزہ پیش کیا۔
مشیر صحت نے ایمرجنسی میں شہریوں کیلئے ادویات کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ادویات دستیاب نہیں تو عوام کس چیز کیلئے ہسپتالوں کا رُخ کریں۔ اگر پشاور جیسے شہر کے ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی یقینی نہیں تو دور افتاد علاقوں میں کیا صورتحال ہوگی۔
انہوں نے ہسپتال کی صفائی کی ابتر صورتحال پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری بور بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ مشیر صحت نے بتایا کہ جس بھی ایم ایس کے ہسپتال کی صفائی صورتحال بہتر نہ ہو، وہیل چئیر یا سٹریچر کے ٹائر ٹھیک نہ ہو اور ایسے کئی انتظامی خرابیاں پائی جائیں تو اس ہسپتال کے ایم ایس کو فوری طور تبدیل ہونا چاہیے۔
مشیر صحت نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو دفتر آکر ہسپتال کی حالت زار پر وضاحت دینے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ہسپتالوں پر چھاپے نہیں مارتا بلکہ وہاں کے مسائل سے باخبر رہنے کیلئے انتظامیہ کے پاس جاتا ہوں تاکہ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات بروقت پہنچنے میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔

مزید پڑھیں