چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی پولیو مہم میں جعلی فینگرمارکنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ پولیو مہم میں جعلی فینگرمارکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اوران کے خلاف باقاعدہ طورپر کریمینل مقدمات بھی درج کئے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پولیوکی مہلک بیماری کی بیخ کنی ہمارے لئے بڑاچلینجنگ ٹاسک ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز کمشنرہاؤس کوہاٹ میں پولیوسے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان،وفاقی سیکرٹری نیشنل ہیلتھ ندیم محبوب،کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ،ڈی آئی جی کوہاٹ شیر اکبر، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم اوردیگرمحکموں اوراداروں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کوکوہاٹ ڈویژن بالخصوص درہ آدم خیل پایامیں حالیہ تصدیق شدہ پولیو کیس کے بارے میں تفصیلاً بتایا گیا۔اجلاس میں پولیو کے سیکیورٹی پلان پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے حالیہ پولیو کیس کی انکوائری کرکے غفلت برتنے والے ذمہ داران کوسخت سزا دینے کی ہدایت کی کیونکہ یہ قیمتی انسانی جانوں کا معاملہ ہے۔انہوں نے مزیدہدایت کی کہ یہ بھی پتہ لگایا جائے کہ جعلی فینگر مارکنگ کرنے والوں کا گارنٹرکون تھا۔ندیم اسلم چوہدری نے واضح کیا کہ پولیو ڈیوٹی میں کسی قسم کی غفلت یاکوتاہی کسی صورت قابل برداشت نہیں لہٰذا پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کے عمل کو مزید سخت کیا جائے اورضلعی انتظامیہ افسران خود ان کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔انہوں نے حکومت کا پولیوکو ہرصورت جڑ سے پھینکنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیوکیلئے استعمال ہونے والے ویکسین پربھی کڑی نظر رکھی جائے کہ کہیں وہ زائد المیعاد نہ ہوں تاکہ پولیو کے مہلک مرض کا موثر طور پر تدارک کیا جاسکے۔

مزید پڑھیں