وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی، اور آبادکاری نیک محمد خان داوڑ نے

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی، اور آبادکاری نیک محمد خان داوڑ نے رزمک ریسکیو اسٹیشن کو مزید جدید مشینری فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ اقدام علاقے میں آئندہ موسم سرما کی متوقع برف باری کے دوران سڑکوں کی ممکنہ بندش اور عوام کو فوری امداد فراہم کرنے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔رزمک ریسکیو اسٹیشن کو فراہم کی جانے والی مشینری میں بھاری ٹریکٹرز اور دیگر اہم آلات شامل ہیں، جنہیں ریسکیو آپریشنز کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے علاقے میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ ان مشینری اور آلات کی فراہمی کا مقصد برف باری کے دوران سڑکوں کو کھلا رکھنا اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عوام تک فوری رسائی ممکن بنانا ہے۔مشینری اور آلات کی باقاعدہ حوالگی پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے زریعے کی گئی، جس میں پی ٹی آئی ورکرز نے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے نمائندگان کے حوالے کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی نیک محمد خان داوڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں پوری طرح سنجیدہ ہے اور کسی بھی مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں کے موسم میں عوام کی سہولت اور ان کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نیک محمد خان داوڑ نے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ان آلات کو بہترین طریقے سے استعمال کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکل میں امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔یاد رہے کہ رزمک کے عوام کو برف باری کے دوران آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے، جس کی وجہ سے ریسکیو 1122 کی جانب سے فراہم کی گئی یہ مشینری علاقے کے لوگوں کے لئے بڑی سہولت ثابت ہوگی۔

مزید پڑھیں