صوبائی وزیر لائیو سٹاک فضل حکیم خان یوسفزئی نے لائیو سٹاک ریسرچ سٹیشن سوڑیزئی کا دورہ، مختلف لیبارٹریوں کا افتتاح، جانوروں کی نیلامی میں شرکت کی
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیوسٹاک و ماہی پروری فضل حکیم خان یوسفزئی نے لائیو سٹاک ریسرچ سٹیشن سوڑیزئی پشاور کا تفصیلی دورہ کیا۔ جہاں پر انہوں نے جدید سائنسی بنیادوں پر جانوروں کی افزائش بڑھانے کے لیے ایمبریو ٹرانسفر لیبارٹری کا افتتاح کیا۔ مذکورہ لیبارٹری کی تعمیر پر 52 ملین روپے لاگت آئے گی۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے روز گارڈن کا بھی افتتاح کیا اس کے علاوہ انہوں نے فیڈ مل، ڈیری ٹیکنالوجی لیبارٹری کا معائنہ کیا جہاں پر انہوں نے مختلف سیکشن کا جائزہ لیا اور انھیں کارکردگی پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ دورے کے دوران ممبران صوبائی اسمبلی سمیع اللہ خان، سطان روم، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر اصل خان، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ریسرچ ڈاکٹر اعجاز علی، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ریسرچ سینٹرپرویز شاہ، سٹیشن ڈائریکٹر لائیو سٹاک ریسرچ سینٹر ڈاکٹر خسرو کلیم اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے لائیو سٹاک ریسرچ سٹیشن میں جانوروں کی نیلامی کے عمل میں شرکت کی اور نیلامی کے عمل کو سراہا۔ اس موقع پر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے انکے تاثرات معلوم کیے۔ انہوں نے متعلق افسران کو ہدایت کی جانوروں کی بہتر نسلوں کو بڑھانے کے لیے بہترین اور متوازن غذا کی تیاری پر توجہ دی جائے تاکہ ریسرچ کے ثمرات سے متعلقہ لوگوں کو پہنچ سکیں۔