معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز، پاکستان ڈیجیٹل سٹی منصوبہ ڈیجیٹل معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا

پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے زیر تعمیر منصوبے کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ ڈیجیٹل ترقی کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا کرے گا۔ شفقت ایاز نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران شفافیت اور معیار کو اولین ترجیح دی جائے۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان، صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان، اور صوبائی پارلیمانی لیڈر و چیئرمین ڈیڈک اکبر ایوب خان بھی موجود تھے۔ ریٹائرڈ کرنل توقیر نے معزز مہمانوں کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں اس کی موجودہ پیشرفت اور مستقبل کے اہداف شامل تھے۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اس منصوبے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے مزید 20 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا اور ملک کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان اور چیئرمین ڈیڈک اکبر ایوب خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ حکومت اس منصوبے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔پاکستان ڈیجیٹل سٹی کا یہ منصوبہ ٹیکنالوجی اور انوویشن کے میدان میں پاکستان کی ترقی کا محرک ثابت ہوگا، جو ملک کے نوجوانوں کو عالمی معیار کے مواقع فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں