خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے بدھ کے روز ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں زلمی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کیلئے منعقدہ ٹرائلز کا افتتاح کیا۔سیکریٹری سپورٹس و امور نوجوانان مطیع اللہ،ڈائریکٹر سپورٹس عبدالناصر خان کے علاؤہ سابق کرکٹر و ڈائریکٹر کرکٹ پشاور زلمی محمد اکرم،سابق کرکٹرز عمر گل،محمد یوسف،کامران اکمل اور احسان علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ارباب نیاز سٹیڈیم میں جاری ان ٹرائلز کیلئے سات ہزار سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کی ہے اور پشاور زلمی کے تحت منعقدہ ان ٹرائلز میں صوبے میں نئے ٹیلنٹ کو تلاش کیا جارہا ہے۔افتتاح کے دوران صوبائی وزیر کھیل نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ پشاور زلمی کے تحت باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کیلئے یہ ایک اہم کوشش ہے جس کیلئے زلمی نے بہترین انتظامات کیئے ہیں۔انھوں نے ارباب نیاز سٹیڈیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم جلد اس میدان پر پی ایس ایل کا انعقاد کرائیں گے۔انھوں نے کہا کہ یہ اسٹیڈیم عالمی کھیلوں کے حوالے سے صوبے کا اہم میدان ہے جس کو جلد از جلد مکمل کریں گے اور اس میں عالمی میچز کی میزبانی کریں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ اس اسٹیڈیم کو عالمی معیارات اور سہولیات سے آراستہ کریں گے۔صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس حوالے سے ہر طرح کے کھیلوں پر توجہ دے رہی ہے۔ہم یہاں پر کھیلوں کے انعقاد کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور کھلاڑیوں کیلئے بھی ممکنہ طور پر تعاون فراہم کریں گے۔