وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت احتشام علی کی سربراہی میں پشاور کے تین ایم ٹی آئیز کے بورڈ آف گورنرز کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ ان ایم ٹی آئیز میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے نئے تعینات کئے گئے بورڈ آف گورنرز کے نئے ممبران شامل تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ عدیل شاہ اور ایڈیشنل سیکرٹری فیاض شیرپاو اور بورڈ آف گورنرز کے کچھارکان نے خود اور کچھ نے آن لائن شرکت کی۔ مشیر صحت نے تعارفی سیشن کے آغاز میں بتایا کہ آج کے تعارفی سیشن کا مقصد ایک ٹیم بن کر کام کرنا ہے اور اس سال کیلئے اپنے اہداف سیٹ کریں اور ایم ٹی آئیز کا جو حقیقی مقصد ہے اس کے حصول کیلئے سب دن رات محنت کریں۔ آپ سب لوگ اپنی ذاتی قابلیت اور آپ کے کام کے بنا پر ان بورڈ آف گورنرز میں منتخب ہوئے ہیں۔ آپ سے کام کرنے اور اپنے ہسپتالوں کو بہتر بنانے کی توقع ہے۔ آُپ کبھی بھی مجھے کال کرسکتے ہیں یا میرے دفتر آکر مجھ سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ ایم ٹی آئیز کو ہم اپنے صحت کے بجٹ کا اچھا خاصا حصہ دیتے ہیں جس کے عوض ہمیں آپ سے صحت کی بہتر سہولیات کی توقع رکھتے ہیں۔