خیبر پختو خواکے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے کہا ہے

خیبر پختو خواکے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اولین توجہ شعبہ تعلیم پر مرکوز ہے اور اس کی ترقی کے لیے سالانہ بجٹ2024-25 میں خطیر رقوم مختص کی گئی ہیں جن کی بدولت صوبے کے طلبہ و طالبات جدید اور عصری علوم سے مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرل ڈگری کالج نحقی پشاور کی نئی تعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد خان محکمہ تعلیم اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا میں ترقی تعلیم کے بل بوتے پر ہو رہی ہے جن اقوام نے تعلیم کے میدان مین محنت کی ترقی بھی انہیں ہی نصیب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ معاشرے میں بچیوں کی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا نہایت اہم ہے اور والدین کو چاہیے کہ اپنی بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دیں تاکہ وہ معاشرے اور ملک کی تعمیر و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر نئی تعمیر شدہ گورنمنٹ گرل ڈگری کالج نحقی پشاور کا باقاعدہ افتتاح کیا اور منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے پشاور اور چار سدہ کو ملانے والے رابطہ پل جالہ بیلا کا بھی معائنہ کیا اور پل کو بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت سے پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس پل کی فوری ضروری تعمیر مرمت کی جائے اور محکمہ مواصلات و تعمیرات فوری طور پر ایسے اقدامات اٹھائے تاکہ کسی جانی و مالی نقصان کا احتمال نہ ہو۔انہوں نے محکمہ کو پل پربھاری گاڑیوں کی آمد رفت کو قانونی ضوابط کے تحت روکنے کی بھی ہدایت کی تاکہ اس مسئلے کومستقل طورپر حل کیا جا سکے

مزید پڑھیں