خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی ارشد ایوب خان اور وزیر اوقاف و مذہبی امور عدنان قادری کی زیر صدارت

خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی ارشد ایوب خان اور وزیر اوقاف و مذہبی امور عدنان قادری کی زیر صدارت بلدیات واوقاف کے محکموں کے زیر استعمال زمینوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری بلدیات داؤد شاہ، سیکرٹری اوقاف عادل صدیق، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ وحید الرحمن، متعلقہ اضلاع کے تحصیل میونسپل افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تین نکاتی ایجنڈا زیر بحث لایا گیا جس میں ضلع چارسدہ میں قبرستان کے لیے وقف کی گئی 497 کنال زمین اور اس میں سے 5 کنال اراضی پر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹر کی بنائی گئی 100 دکانوں کی لیز اور اس زمین سے حاصل ہونے والی آمد ن کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی اسی طرح ایجنڈا نمبر دو میں گلبہار پشاور میں بنائی گئی پارک کی زمین کے لیز اور ایگریمنٹ کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی۔اس موقع پرصوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے افسران کو ہدایت جاری کی کہ دونوں زمینوں کے حوالے سے محکمہ ریونیو کے سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) کو ریکاڈ کیلئے متعلقہ محکموں کی طرف سے ایک مشترکہ خط ارسال کیا جائے تاکہ وہ ان زمینوں کی مستند اور حقیقت پر مبنی دستاویزی رپورٹ تیار کروائیں اور اس کے تناظر میں ان زمینوں کی ملکیت کا فیصلہ کیا جائے اور مستقبل میں عوام کے مفاد میں اس کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس کے دوران تیسرے ایجنڈے خیبر پختونخوا میں قرآن محل کے قیام کے حوالے سے صوبائی وزراء کو تفصیلی بریفننگ دی گئی جس میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف عدنان قادری نے کہا کہ یہ خیبر پختونخوا حکومت کا ایک اہم اور سنگ میل اقدام ہے جس میں ایک ہی چھت کے نیچے قرآن مجید کے حوالے سے ریسرچ اور لائیبریری کا انتظام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کے ضعیف نسخوں اور اوراق کیلئے بھی اس میں ایک الگ پورشن بنایا جائے گا۔جبکہ اس شاندرار عمارت میں قرآن بورڈ کے ممبران اور دیگر حکام کیلئے دفتر بھی بنایا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات نے قرآن محل کے حوالے سے کہا کہ اس کے کیلئے ایک منفرد اندازکی عمارت بنائی جائے گی جس کیلئے سعودی عرب اور مصر کے ممالک کے علاؤہ دیگر اسلامی ممالک سے بھی ڈیزائن منگوائے جائیں گے تاکہ اس اہم بلڈنگ کو دور جدید کے تمام تقاضوں کے مطابق بنایا جاسکے اوریہ اسلامی طرز تعمیر کا بہترین نمونہ ہو۔

مزید پڑھیں