قائمہ کمیٹی برائے زراعت کا اجلاس رکن صوبائی اسمبلی و چئیرمن قائمہ کمیٹی عبدالسلام آفریدی کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقدہ ہوا اجلاس میں اراکین اسمبلی علی شاہ ایڈوکیٹ، محمد نثار، اکرام اللہ سمیت کمیٹی ممبران، محکمہ قانون، محکمہ زراعت کے سمیت متعلقہ محکموں نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاء کو زرعی یونیورسٹی پشاور، زرعی انجینئرنگ، کراپ رپورٹنگ کے جملہِ امور، کارکردگی، جاری منصوبوں اور ذمہ داریوں پر بریف کیا گیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی عبدالسلام آفریدی نے اجلاس میں بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زرعی زمینوں پر ہاؤسنگ سوسائٹیز کی روک تھام میں محکمہ زراعت محکمہ قانون کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کرے۔ زرعی انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس شعبے کے بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنایا جاسکے۔ بڑھتی ہوئی آبادی سے ایک طرف خوراک کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف زرعی زمینوں میں کمی آرہی ہیں۔ اس کمی پر قابو پانے کے لیے بنجر زمینوں کو کاشت کاری کے قابل بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی پشاور کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ زرعی تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کا نمایاں کردار ہے۔ اجلاس کے دوران چئیرمن قائمہ کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا زرعی و زرخیز خطہ ہے یہاں زراعت کے شعبے کو ترقی دے کر صوبے کو زرعی اجناس میں خودکفیل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔