وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری ملک نیک محمد خان داوڑ کی زیر صدارت پشاور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے ریسکیو کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے شرکت کی۔اجلاس میں اضلاع کی سطح پر ریسکیو کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ہر ضلع کی ریسکیو 1122 کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ معاون خصوصی نے ریسکیو اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار رہیں اور اپنی خدمات میں کوئی کمی نہ چھوڑیں۔اجلاس کے دوران ریسکیو کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک نیک محمد خان داوڑ نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مسائل کو جلد حل کیا جائے گا اور ریسکیو کو جدید آلات اور وسائل سے لیس کرکے ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ریسکیو 1122 کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے گا۔