خیبر پختونخوا کے وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ کی زیر صدارت نیشنل وومن ڈے کو منفرد طریقے سے منانے کے لیے جمعرات کے روز پشاور میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے افسران سمیت ڈونر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں خواتین کے قومی دن کو منانے کے لئے تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت خواتین کی ترقی اور فلاح کے لئے دورس اقدامات کر رہی ہے محکمہ سماجی بہبود نیشنل وومن ڈے کے موقع پر دو روزہ میگا ایونٹ کے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے جس میں سپورٹس، دستکاری، کھانے پینے کے سٹال،ثقافتی شو،نیلام گھر اور دیگر اہم سرگرمیوں کا انعقادہوگا۔ جس میں طالبات اور فیملی سمیت خواتین شرکت کر سکیں گی۔ اس دوران یونیورسٹی اور کالجوں کی طالبات کے درمیان مختلف قسم کے کھیل کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے اور کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو انعامات دیے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے اجلاس میں خواتین نیشنل ڈے کو بھرپور طریقے سے منانے اور خواتین کے مسائل کے حل سے متعلق حکومتی اقدامات بارے آگاہی کو فروغ دینے کی تاکید کی اور کہا کہ صوبائی حکومت نیشنل وومن ڈے کو منفرد انداز سے منانے کے لیے دو دن کا ایک میگا ایونٹ کا انعقاد کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ خواتین کو مسائل اور مشکلات سے نکالا جائے اور وہ ترقی اور فلاح کے تمام شعبوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔