خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ 2024 جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ

خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ 2024 جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے سال 2024 کے دوران مضر صحت وغیر معیاری خوراکی اشیاء میں ملوث کاروباروں کے خلاف بڑے اقدامات کئے ہیں۔ سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق، صوبے بھر میں خوردونوش اشیاء سے منسلک کاروباروں کے خلاف 1 لاکھ 2 ہزار 125 کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 7 لاکھ 11 ہزار 978 کلو گرام سے زائد غیر معیاری ومضر صحت مختلف خوردنی اشیاء تلف کی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھرمیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کاروائیاں کیں اور مختلف کاروباروں کو 19 ہزار 832 نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ قانون کی خلاف ورزی پر 547 کاروباروں کو سیل کیا گیا۔ مزید برآں، 33 ہزار 127 کاروباری لائسنسز کا اجرا اور 609 نئی مصنوعات کی رجسٹریشن عمل میں آئی۔اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیموں نے عوامی آگاہی کے لیے 1 ہزار 736 سیشنز منعقد کئے اور 142 لیول ون ٹریننگز کے ذریعے 2 ہزار 188 فوڈ ورکرز کو تربیت فراہم کی۔ موبائل فوڈ لیبز نے 8 ہزار 871 خوراک کے نمونوں کی جانچ کی جن میں دودھ، مشروبات، چائے کی پتی، مصالحہ جات، پانی، گڑ اور آئل اینڈ گھی شامل تھے رپورٹ کے مطابق کل نمونوں میں 6 ہزار 616 تسلی بخش جبکہ 2 ہزار 255 غیر معیاری قرار پائے گئے۔جاری رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے سال 2024 میں جدید ”ملکو سکین” مشین، میٹ ٹیسٹنگ لیبارٹری اور سٹیٹ آف دی آرٹ مزید 5 موبائل فوڈ لیبارٹریز کا افتتاح بھی کیا،تفصیلات کیمطابق نیوٹریشن ونگ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ یونٹ کے قیام اور آن لائن کھلی کچہریوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق، سال 2024 میں نیوٹریشن ونگ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ یونٹ کے قیام سمیت آن لائن کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ مزید یہ کہ پاپس اینڈ چپس، دودھ، بیکری مصنوعات، گھی اور گوشت کی جانچ کے لیے خصوصی مہمات چلائی گئیں، جنہوں نے عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کارکردگی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی آمین خان گنڈاپور کی قیادت اور صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی خصوصی کاوشوں سے خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے جدید ”ملکو سکین” مشین، میٹ ٹیسٹنگ لیبارٹری اور سٹیٹ آف دی آرٹ مزید 5 موبائل فوڈ لیبارٹریز کا قیام ممکن ہو سکا، صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ نے فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سال 2025 میں فوڈ اتھارٹی کومزید جدید ٹیسٹنگ آلات کی فراہمی کے لئے اقدامات اور منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی ہو سکے۔

مزید پڑھیں