وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت خان نے کہا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے فیملی پلاننگ پر عملدرآمد کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ملک میں وسائل اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایک جامع طویل المدتی پالیسی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔بڑھتی ہوئی آبادی ملک کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمرات کو ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ نیشنل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پالیسی 2035-25 کے نام سے صوبائی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیائالحق،محکمہ صحت کے چیف ایچ ایس آر یو ڈاکٹر خلیل اختر،نیشنل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پالیسی کے کنسلٹنٹ ثمین صدیقی ڈی جی پاپولیشن عائشہ احسان اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔اجلاس میں حکام نے معاون خصوصی کو صوبہ کے دور دراز علاقوں میں پرائمری ہیلتھ کیئر اور دیگر بنیادی مراکز صحت اور ان میں موجود سہولیات و چیلنجز سے آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک لیاقت خان نے کہا ہے کہ فیملی پلاننگ پر عملدرآمد کرنا ہم سب کی مشترکہ زمہ داری ہے اور اس حوالے سے محکمہ صحت سمیت تمام صوبائی محکمے ملکر ایک مربوط پالیسی بنائیں جو کہ عوام کیلئے فائدہ مند ہو۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں بنیادی مراکز صحت و ہیلتھ کیئر سہولیات دینے کیلئے صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک جامع دیر پا طویل المدتی فیمیلی پلاننگ پالیسی کے ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں