خیبرپختونخوا حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے، معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کا پروگرام بھی شروع کر دیا ہے جس کے تحت خصوصی افراد کی مالی معاونت کی جارہی ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز خرکی درگئی ملاکنڈ میں خصوصی افراد کے لئے قائم سکول میں صوبائی حکومت کی جانب سے خصوصی افراد میں دس دس ہزار روپے کے مالی معاونت کے چیکس کی تقسیم کے موقع پر کیا ا س موقع پر ضلعی سوشل ویلفئیر آفیسر صابر خان، سکول پرنسپل نصیب گل، محکمہ سماجی بہبود کے دیگر افسران سمیت خصوصی افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی پیر مصور خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد بھی ہماری خصوصی توجہ کی مستحق ہیں یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے میں انکے لئے مالی معاونت کا آغاز کیا ہے، انھوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ضلع ملاکنڈ کے تقریباً 2700 خصوصی افراد میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں جس کے بعد حکومتی ڈیٹا کے مطابق دیگر خصوصی افراد کو مرحلہ وار چیکس دئیے جائینگے، پیر مصور خان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے معاشرے کے دیگر کمزور طبقات اور بے سہارا افراد کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں صوبائی حکومت نے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں جسکی بدولت صوبے کی عوام کا پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پر اعتماد بڑھ گیا ہے پیر مصور خان کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ، مستحقِ افراد کو مفت سولر سسٹم کی فراہمی،صوبے میں پناہ گاہوں کا قیام، نشے کے عادی افراد کی بحالی اور انھیں معاشرے کا کار آمد شہری بنانے جیسے منصوبے اسکی واضح مثال ہیں، دریں اثناء معاون خصوصی پیر مصور خان نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال درگئی کا بھی دورہ کیا جہاں وہ ہسپتال میں داخل مریضوں اور انکے تیمارداروں سے ملے اور ان سے ہسپتال میں علاج و معالجے کی سہولیات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں، معاون خصوصی نے ہسپتال میں لیبارٹری سمیت مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو بہتر ین علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

مزید پڑھیں