وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان کا گھڑی چندن پلانٹیشن کا دورہ، معاون خصوصی کی اراضی مالکان کو گھڑی چندن کو سفاری پارک ڈکلیئر کرنے کی تجویز، گھڑی چندن میں شمسی توانائی کے حامل تقریباً نو ٹیوب ویلز سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل، پیر مصور خان
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے گزشتہ روز پشاور میں گھڑی چندن پلانٹیشن کا دورہ کیا جہاں انھوں نے بلین ٹری شجرکاری منصوبے کے تحت لگائے گئے پودوں کا جائزہ لیا اس موقع پر چئیرمن ڈیڈک پشاور شیر علی آفریدی، کنزرویٹر فارسٹ حیات علی،سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر پشاور ستار خان اور اراضی مالکان بھی موجود تھے، معاون خصوصی پیر مصور خان کو گھڑی چندن پلانٹیشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گھڑی چندن میں تقریباً 2400 ہیکٹرز رقبے پر شجرکاری کی گئی تھی جس سے صوبے کے جنگلات میں سات فیصد اضافہ ہوا ہے، دورے کے موقع پر معاون خصوصی کو گڑھی چندن میں اراضی مالکان نے اپنے مسائل اور تحفظات سے بھی آگاہ کیا پیر مصور خان نے اراضی مالکان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گھڑی چندن اور گردونواح میں شمسی توانائی کے حامل ٹیوب ویلز کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جاچکا ہے جس کے تحت تقریباً نو ٹیوب ویلز نصب کئے جائینگے،انھوں نے گھڑی چندن میں درختوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 30 فیصد رقبے پر یوکلپٹس پودوں کی شجرکاری کی گئی تھی جسکی کٹائی کے لئے سروے کیا جارہا ہے، حاصل آمدن سے 80 فیصد اراضی مالکان کو دیا جائے گا جبکہ معاون خصوصی نے گھڑی چندن کو سفاری پارک ڈکلیئر کرنے کی بھی تجویز دی جس سے نہ صرف جنگلی حیات کا تحفظ یقینی ہو جائے گا بلکہ مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر بھی آئینگے، انھوں نے کہا کہ گھڑی چندن میں محکمہ جنگلی حیات مختلف قسم کے پرندے چھوڑ رہی ہیں،انھوں نے پرندوں کی خوراک کے لئے شاتوت اور اس طرح کے دیگر پودے لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جنگلی حیات کے لئے پانی کا بندوبست کرنے کے لئے چک ڈیمز بھی بنائے جائینگے جس سے پورا ایک ایکو سسٹم ڈویلپ ہوگا۔ گھڑی چندن میں نگہبان فورس کے اہلکاروں کی تنخواہوں کے حوالے سے معاون خصوصی پیر مصور خان نے کہا کہ بہت جلد ماہ جنوری اور فروری کی تنخواہیں انھیں ادا کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ صوبے میں جنگلات کے تحفظ کے لیے تعینات نگہبان فورس کا کردار لائق تحسین ہے