وزیراعلی کی قیادت میں عوام دوست منصوبے شروع کیے ہیں، صوبائی حکومت تشہیر کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کامیابی کے لیے کردار کی پختگی اور اپنی پہچان ضروری ہے۔ اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنا اور اپنے وقت کا صحیح استعمال کرنا بھی انسان کو زندگی میں آگے لے جاتا ہے۔ صوبائی حکومت نے بیواؤں اور یتیم بچوں کے لیے سہارا اور روشن مستقبل منصوبہ متعارف کرایا ہے اور پیچیدہ بیماریوں کا مہنگا علاج صحت کارڈ میں شامل کرایا ہے۔ صوبائی حکومت تشہیر کی بجائے عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار پختونخوا ریڈیو ایبٹ آباد کی خصوصی ٹرانسمشن کے پروگرام ” صحت زندگی” میں براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پختونخوا ریڈیو اور ریجنل انفارمیشن آفس آمد کے موقع پر ریجنل انفارمیشن آفیسر اکرام اللہ سعید نے انہیں خوش آمدید کہا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ مشیر اطلاعات نے اس موقع پر صحت کے مسائل سے متعلق پروگرام ”صحت زندگی” کا افتتاح بھی کیا۔ لائیو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور پھر ان صلاحیتوں کو اپنے پختہ کردار کی بدولت مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل اپنا وقت اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے، علم حاصل کرنے” معاشرے کے درد زدہ لوگوں کے کام آنے کے لیے صرف کریں تو کامیابی ان کا مقدر ٹھہرے گی۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت وزیراعلی سردار علی امین گنڈاپور کی قیادت میں حقیقی عوام دوست اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یتیم بچوں کے روشن مستقبل اور بیواؤں کے لیے سہارا کارڈ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اسی طرح صحت کارڈ میں پیچیدہ بیماریوں کے مہنگے علاج بھی شامل کیے گئے ہیں۔ بون میرو ٹرانسپلانٹ جو کہ تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کا مہنگا ترین علاج ہے کو بھی صحت کارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح کڈنی ٹرانسپلانٹ، لیور ٹرانسپلانٹ اور پیدائشی سماعت سے محروم بچوں کے لیے کوکلیئر امپلانٹ کو صحت کارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنی تشہیر یا نمائش کے بجائے عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کرنے اور عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے۔ دریں اثنا مشیر اطلاعات نے پختونخوا ریڈیو ایبٹ آباد کو عوامی امنگوں پر مبنی مزید پروگرامز نشریات کا حصہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔