خیبر پختونخوا کے وزیر برائے مال نذیر احمد عباسی نے کہا ہے کہ ضلع ایبٹ آباد میں سکولوں کی خستہ حالی، بنیادی ضروریات اور اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اسی سلسلے میں صوبائی وزیر مال کے ساتھ ڈائریکٹریس ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ثمینہ الطاف کی منگل کے روز پشاور میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ضلع ایبٹ آباد کے تعلیمی اخراجات، مسائل اور دیگر آمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر مال نے ہدایت کی کہ ضلع ایبٹ آباد کے بچے اور بچیوں کو معیاری تعلیم دلوانے، دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے اور بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اس زمرے میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں مزید ہدایت کی کہ پہاڑی علاقے ہونے کے ناطے اکثر دور دراز کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی اور غیر حاضری کی شکایات موصول ہوتی ہیں جن کا فوراً حل نکلوایا جائے اور سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حاضری کو بھی یقینی بنوانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ڈائریکٹریس ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ثمینہ الطاف نے صوبائی وزیر مال کو ضلع ایبٹ آباد کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور سکولوں کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کرنے کے حوالے سے یقین دہانی کروائی اور کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے نام سے ضلع ایبٹ آباد کے لیے ایک جامع پلان تیار کروایا جائے گا جس کے تحت ضلع کے تمام تعلیمی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر جلد از جلد حل کروانے میں مدد ملے گی۔