خیبر پختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی ضرورت ہے۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے اہم نکات میں شجرکاری سر فہرست ہے جس کے تحت صوبے میں وسیع پیمانے پر پودے لگائے جا رہے ہیں۔ وہ آج شیخ ملتون ٹاؤن سیکٹر (I) میں شیخ ملتون پلانٹیشن پروگرام کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے سیکٹر کے پارک میں پودا لگا کر اس پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا۔ پروگرام کے تحت ٹاؤن کے پارکوں میں پلانٹیشن کا پروگرام 4 دن تک مکمل ہو جائے گا۔ اس موقع پر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران اور نیبرہڈ کونسل کے چیئرمین بھی موجود تھے۔ ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ شیخ ملتون ٹاؤن میں حال ہی میں روڈ لائٹس کی تنصیب مکمل کی جاچکی ہے جبکہ دونوں فیز میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ٹاؤن کے پارکوں میں بھی رہائشیوں کے لئے بہتر سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے بھر میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔