خیبرپختونخوا کے وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ خان نے اجلاس کی صدارت کی

پیہور ہائی لیول کنال توسیعی منصوبہ کے بارے میں ایک اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدارت خیبرپختونخوا کے وزیر برائے آبپاشی عاقب اللہ خان نے کی،اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت، حرفت و فنی تعلیم عبدلکریم طور ڈھیر، رکن قومی اسمبلی شہرام خان ترکئی، ایم پی اے رنگیز خان، ایم پی اے مرتضی خان، سیکرٹری ایریگیشن اور ڈی سی صوابی کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پیہور ہائی لیول کنال توسیعی منصوبہ، بالخصوص لاٹ نمبر 4 کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لاٹ نمبر 2 رواں سال دسمبر تک جبکہ فروری2025 تک لاٹ نمبر 3 بھی مکمل ہو جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ لاٹ نمبر 4 جس میں 14 کلومیٹر پائپ توسیع اور تقریباً 20 کلومیٹر کے واٹر چینلز شامل ہیں، پر اپریل 2025 تک کام شروع کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اجلاس کو ڈیجیٹائز یشن کی مدد سے منصوبہ میں بہتری اور اس ضمن میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے پیہور ہائی لیول کنال توسیعی منصوبہ اور بالخصوص لاٹ نمبر 4 کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مزید تقریباً 11 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہو گی۔ جس سے جلب، جلسء، نندرک، جہانگیرہ اور مغل کے علاقے زیادہ مستفید ہو گے۔انہوں نے کہا کہ لاٹ نمبر 2 میں ٹوپی روڈ تا جہانگیرہ روڈ پانچ کلو میٹر بائی پاس کی تعمیر بھی شامل ہے جس سے ٹریفک کے مسائل حل ہو جائیں گے۔

مزید پڑھیں