چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے صوبہ بھر میں انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پشاور، نوشہرہ اور خیبر سمیت ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہونے والے دیگر اضلاع میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کے حکام، ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ انسدادِ ڈینگی اقدامات تیز کریں اور ڈینگی کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھیں۔اجلاس کے دوران، جس میں محکمہ صحت، تعلیم، اطلاعات، لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اریگیشن کے سیکرٹریز اور محکمہ فنانس حکام نے شرکت کی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر محمد سلیم نے ڈینگی سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پشاور، ہزارہ اور مردان ڈویژنوں میں کیسز زیادہ ہیں اور ماہ اکتوبر اور نومبر میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے لیے بدستور سازگار درجہ حرارت ہونے کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوسکتا ہے۔نوشہرہ میں ڈینگی سے متعلق دو اموات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو جلد از جلد تفصیلی تحقیقی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور صحت حکام کو انسدادِ ڈینگی کے لئے ڈینگی کے مریضوں کی دیکھ بھال کی سہولیات کا معائنہ کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے لیے ایس او پیز کے تحت آئسولیشن وارڈ اور علاج کی دیگر سہولیات ہسپتالوں میں موجود ہونے چاہئیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ کئی علاقوں میں ڈینگی کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد صحت عامہ کے فوری اور مربوط ردعمل کا تقاضا کرتی ہے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ خزانہ کو صحت کے شعبے کو فنڈز کے اجراء میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صحت عامہ خدمات کی فراہمی ترجیح ہے اور اس ضمن میں فنڈ ضرورت کے مطابق بروقت فراہم ہونے چاہئیں.
انہوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا کہ وہ اپنی ڈینگی رسپانس سرگرمیوں کے بارے میں روزانہ کی پیش رفت پر مبنی رپورٹ پیش کریں۔صوبائی دارالحکومت کے ناصر باغ، ریگی، سفید ڈھیری، شیخان، پشتخرہ، پلوسی، تہکال بالا، اور بڈھ بیر میں کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر، چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کے حکام کو پشاور میں سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان علاقوں میں ڈینگی کنٹرول کے لئے فوگنگ اور لاروا کش اسپرے، سائٹ کا باقاعدہ معائنہ، اور آگاہی واک کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ڈینگی کی روک تھام میں عوام کی شمولیت کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے وسیع پیمانے پر عوامی بیداری مہم کی ضرورت پر زور دیا اور بھر پور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی شیر علی ارباب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

مزید پڑھیں