خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے مردان ڈویژن میں مختلف کارروائیوں کے دوران ضبط شدہ غیر معیاری و مضر صحت خوراک کی بڑی مقدار واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی (WSSC) مردان کی ڈمپنگ سائٹ پر تلف کر دیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر مردان ڈویژن شاد خان کی نگرانی میں 8 ہزار 8 سو کلوگرام سے زائد غیر معیاری و مضر صحت گڑ، 20 بوریاں غیر معیاری فرائیڈ چپس، 500 کلوگرام سے زائد ناقص ساسز اور مضر صحت مصالحہ جات تلف کیا گیا۔ کارروائی کے دوران تمام ضبط شدہ تمام ناقص خوراکی اشیاء کو مروجہ ایس او پیز کے تحت تلف کیا گیا تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید نے اس موقع پر واضح کیا کہ غیر معیاری اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والے کاروباروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واصف سعید نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ صحت عامہ کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔