چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ایس آئی ایف سی کو ایک انقلابی پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانا، مربوط حکمت عملی اختیار کرنا اور ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ درپیش چیلنجز کو فوری حل کریں اور منصوبوں، خاص طور پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ اجلاس میں مختلف محکموں نے ایس آئی ایف سی فریم ورک کے تحت اپنے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں ایک خصوصی یونٹ قائم کیا گیا ہے جو ایس آئی ایف سی منصوبوں کی نگرانی اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔ اجلاس میں کلاؤڈ فرسٹ پالیسی اور ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ کے معاہدے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان منصوبوں کو صوبے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے کلیدی عوامل قرار دیا گیا۔ پشاور، سوات اور مردان میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ درپیش رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کریں۔ اجلاس میں ماحولیات، سیاحت، بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعت اور صحت کے شعبوں میں جاری منصوبوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ ایس آئی ایف سی صوبے کی اقتصادی ترقی میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حکمت عملی کو کونسل کے اہداف کے مطابق ترتیب دیں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون، جدت اور مؤثر گورننس کو یقینی بنائیں

مزید پڑھیں