آسٹریا کی سفیر کی خیبرپختونخوا اسمبلی آمد – باہمی تعاون اور پارلیمانی اصلاحات پر تبادلہ خیال

آسٹریا کی سفیر محترمہ اینڈریا ورک نے بدھ کے روز خیبرپختونخوا اسمبلی کا دورہ کیا۔ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے وفد کی میزبانی کی۔ ان کے ہمراہ اراکینِ اسمبلی جلال خان، تاج محمد ترند، داؤد شاہ، میاں شرافت علی اور محبوب شیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے سپیشل سیکریٹری ایڈمن سید وقار شاہ نے معاونت فراہم کی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے جمہوری اداروں، خواتین کی پارلیمانی شرکت، اور بجٹ سازی کے عمل میں صنفی مساوات پر تفصیلی گفتگو کی۔ ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے آسٹریا کی سفیر کو خواتین کاکس کے کردار سے آگاہ کیا اور بتایا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین نمائندگان نہ صرف پارلیمانی اصلاحات میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ صنفی بنیاد پر بجٹ سازی اور صنفی مساوات کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔اس موقع پر رکنِ صوبائی اسمبلی جلال خان نے کہا: ”آسٹریا کے مضبوط جمہوری ادارے ابھرتی ہوئی اسمبلیوں کے لیے ایک مثالی نمونہ ہیں۔ ہم آسٹریا کے ساتھ استعدادِ کار بڑھانے کے لیے شراکت داری قائم کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بین الاقوامی معیار کی پارلیمانی روایات کو فروغ دیا جا سکے۔”جلال خان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قانون سازی، بجٹ سازی، اور پارلیمانی نگرانی کے عمل میں بہتری کے لیے بین الاقوامی تعاون نہایت اہم ہے۔سپیشل سیکریٹری ایڈمن سید وقار شاہ نے دونوں ممالک کی قومی اور علاقائی اسمبلیوں کے درمیان ممکنہ باہمی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ:”خیبرپختونخوا اسمبلی آسٹریا کی قومی اور ریجنل پارلیمنٹس کے ساتھ بہترین پارلیمانی روایات اور تجربات کے تبادلے کی خواہاں ہے۔ آئندہ چند ماہ میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا ایک وفد آسٹریا کا دورہ کرے گا جہاں وہ آسٹریا کے بجٹ آفس، نیشنل پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کا تفصیلی دورہ کرے گا تاکہ باہمی فہم و فراست اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔”ملاقات کے بعد آسٹریا کی سفیر کو اسمبلی ہال اور اس کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کرایا گیا۔ اس موقع پر مہمان سفیر اور پارلیمانی نمائندگان کے ہمراہ ایک یادگاری گروپ فوٹو بھی لی گئی۔

مزید پڑھیں