خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے محکمہ آبپاشی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ضلع صوابی میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری مختلف کینال روڈز, سیلاب سے بچاو کے لئے پشتوں اور مختلف نالوں پر زیر تعمیر پلوں کی تعمیر کا کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کے معیار کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے۔ یہ احکامات انہوں نے گزشتہ روز محکمہ آبپاشی کے چیف انجنیئر نارتھ غلام اسحاق اور دیگر حکام کے ہمراہ ضلع صوابی میں جاری مختلف منصوبوں کے معائنے کے موقع پر متعلقہ حکام کو جاری کیے۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے کلابٹ، مرغز، بام خیل، ٹھنڈکوئی، شگئی خوڑ دوبیان میں ڈرینیج سسٹم کی بحالی و فلڈ پروٹیکشن، صوابی خاص میں بدری نالہ برج اور صوابی بائی پاس کینال پیٹرول روڈ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا. دوبیان میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی مشیر برائے سماجی بہبود مشال اعظم بھی صوبائی وزیر آبپاشی کے ہمراہ تھی۔انہوں نے دوبیان اور گردونواح میں برسات میں سیلابی پانی سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ عاقب اللہ خان نے مشیر سماجی بہبود کی اقامت گاہ پر ایک اجتماع سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں سیلابی پانی سے بچاؤ کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوبیان میں ڈرینیج کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے موقع پر موجود محکمہ ایریگیشن کے انجنیئرز کو اس حوالے احکامات جاری کیے۔ صوبائی وزیر نے محکمے کے حکام کو ہدایت دی کہ مون سون بارشوں سے پہلے حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں اور تمام زیر تعمیر منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ عاقب اللہ خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام کے مختلف مراحل میں مقامی کمیونٹی اور منتخب نمائندوں کی رائے ضرور شامل کرنے کے لیے کہا۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں ان کی رائے لی اور ان کو یقین دلایا کہ حکومت عوامی رائے کو بھرپور اہمیت دیتی ہے تاہم عوام بھی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد میں سرکاری محکموں کے ساتھ تعاون کریں اور جہاں ان کو تعمیراتی کام کے معیار کے حوالے سے کوئی شکایت ہو تو انکے نوٹس میں لائیں تاکہ اس کا بروقت ازالہ ہو سکے۔