وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اورامور نوجوانان سید فخر جہان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کشمیریوں کی شناخت،ثقافت اور بنیادی حقوق پر حملہ کیا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور اقوام عالم کو ہندوستان کی اس ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لینا ہوگا۔مشیر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان چاہے جتنا بھی اپنا محاصرہ جاری رکھے وہ کبھی بھی کشمیر پر اپنے ناجائز اور غیر قانونی قبضے و تسلط کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔کشمیر پر ایک دن آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور شہیدوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔انھوں نے کہا کہ اپنے آپ کو نام نہاد بڑا جمہوریہ کہنے والے ہندوستان میں جمہوری اقدار کی قطعی کوئی پاسداری نہیں ہے۔استصواب رائے کشمیری بھائیوں کا دیرینہ اور قانونی حق ہے اور ہندوستان دیر تک اپنے اس ناجائز قبضے کو کشمیریوں کے اوپر برقرار نہیں رکھ سکے گا۔انھوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں،بہنوں،بچوں،نوجوانوں اور بزرگوں کی حریت کی خاطر قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور دنیا کے مختلف فورمز پر انکی مذہبی،اخلاقی اور سیاسی سپورٹ جاری رکھیں گے۔