خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی اور معاون خصوصی پیر مصور خان غازی کی سربراہی میں ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد سلیم، عالمی ادارہ صحت پشاور کے انچارج ڈاکٹر بابر عالم،اے ڈی جی پبلک ہیلتھ ڈاکٹر شاہد یونس، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اصغر خان و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے قبل عالمی ادارہ صحت پشاور کے انچارج ڈاکٹر بابر عالم اور ان کی ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل کی موجودگی میں مشیر صحت احتشام علی پچاس لاکھ ادویات اور کلین ڈلیوری کٹس کا عطیہ پیش کیا۔ اجلاس کے دوران موبائل ہیلتھ یونٹس کی فعالی اور پشاور سمیت دور دراز علاقوں میں ان ہیلتھ یونٹس کو زیراستعمال لانے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مشیر صحت کو بتایا گیا کہ پرائمری ہیلتھ کئیر کو فعال کرکے ایم ٹی آئیز پر بوجھ کم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔