خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ میڈیا معاشرے کیلئے آئینے کی مانند ہے لیکن بدقسمتی سے اب میڈیا بھی بزنس کا روپ دھار چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنقید برائے اصلاح کا تہہ دل سے خیر مقدم کریں گے تاہم مخالفین کے منفی پروپیگنڈوں کا اپنی بہترین کارکردگی سے جواب دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی رات کوہاٹ پریس کلب میں پریس کلب کی جانب سے کوہاٹ کے منتخب اراکین اسمبلی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عشائیہ سے چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے، داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے اور پریس کلب کے صدر نورمحمد بنگش نے بھی خطاب کیا۔منتخب اراکین اسمبلی نے میڈیا کالونی سمیت پریس کلب اور صحافیوں کے جملہ مسائل کیلئے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا۔وزیر قانون نے کہا کہ انشاء اللہ موجودہ 5 سالہ دور حکومت کوہاٹ کیلئے حقیقی تبدیلی کا دورثابت ہو گا،مرکز کے ذمہ واجب الادا فنڈز کی عدم ادائیگی اور اس کے عدم تعاون کے باوجود لیاقت میموریل ہسپتال کی عمارت کو ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے 18 ماہ میں مکمل کریں گے،اسی طرح 12 ارب روپے کے سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کو بھی ڈیڑھ سال میں مکمل کیا جائے گا جبکہ اسی پراجیکٹ کا فیز ٹو بھی زیرِ غور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 10 سال سے زیر التواء کچہری چوک تا پی اے ایف چوک بنوں روڈ کی کشادگی اور کے ڈی اے لنک روڈ کیلئے بھی فنڈز ریلیز کر دیئے گئے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ کوہاٹ میں ٹریفک کے اژدھام پر قابو پانے کیلئے رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی سنجیدگی سے زیرِ غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں کے لواحقین کیلئے شیلٹر شیڈز بھی بنائے جارہے ہیں،اسی طرح ہسپتال میں سی ٹی سکین اور ایم آر آئی مشین کی تنصیب کی بھی منظوری دی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ صحت، تعلیم اور پولیس سمیت ہر شعبے میں گڈ گورننس متعارف کریں تاکہ عوام الناس کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے کہا کوہاٹ سے منتخب پی ٹی آئی کے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میں مثالی ہم آہنگی اور اتفاق و اتحاد ہے اور ضلع کے اجتماعی مفاد کا ہر کام باہمی تعاون اور مشاورت سے کرتے ہیں۔انہوں نے علی الاعلان کہا کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کرپشن و کمیشن کے کلچر کا ہر صورت قلع قمع کیا جائے گا۔