خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ریونیو اینڈ سٹیٹ نزیر احمد عباسی کی زیرصدارت ہری پور میں دیرینہ مخنیال مسئلے کو حل کرنے، کینتھلہ اور کوٹ جیندہ کے مواضعات میں زمین کے حصول کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس پشاور میں منعقدہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبرپختونخوا پیر مصور خان، ایس ایم بی آر خیبر پختونخوا، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اور محکمہ جنگلات ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا، کمشنر ہری پور، ڈپٹی کمشنر ہری پور اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ ریونیو اور فارسٹ ریکارڈز کے حوالے سے زمینی مسائل کو حل کرنے، ریزرو جنگلات، گزارہ جنگلات اور نجی املاک کی واضح حد بندی کو یقینی بنانے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد تمام متعلقہ محکموں کے لئیقابل عمل ریکارڈ قائم کرنا تھا۔اجلاس کے شرکاء نے علاقے میں پائیدار ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کو روکنے کے لیے ایک ریگولیٹری میکانزم کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا۔ مزید برآں، اجلاس میں کینتھلا اور کوٹ جیندہ میں زمین کے حصول کی ضرورت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ہری پورنے دونوں معاملات پر ایک جامع رپورٹ پیش کی۔صوبائی وزیر برائے ریونیو اینڈ سٹیٹ نذیر احمد عباسی نے تمام ترقیاتی اقدامات میں ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی انہوں نے قدرتی ماحول کی حفاظت کرنے والے متوازن نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھتے ہوئے ان اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنارہی ہے کہ شہری توسیع ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ہم آہنگ ہوں۔ اجلاس میں مسائل کاطویل مدتی حل تلاش کرنے کا اعادہ کیا گیا تاکہ جنگلات کے ذخائر کی حفاظت ہو سکے۔