وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایت پر محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کی انسپکشن ٹیموں نے صوبہ بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہی دن میں 881 مختلف خوردنی اشیاء سے منسلک کاروباروں کی چیکنگ کی،گرانفروشی اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے پر 45 افراد کو چالان کیا گیا، جبکہ 4 افراد کو موقع پر ہی گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔ محکمہ خوراک نے مختلف کاروائیوں کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر 19 افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے متعلقہ دکانداروں کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کردیا ہے۔اور چیکنگ کے دوران 160 جنرل اسٹورز، 78 نانبائیوں اور 144 قصابوں، 107 کباب و تکہ فروش، 58 دودھ فروش اور 85 پھل فروش کی انسپکشنز کی گئیں علاوہ ازیں، 50 فروٹ فروش، 15 مٹھائی و بیکری مالکان، 24 پکوڑہ فروش اور 22 ہوٹلوں کو بھی چیک کیا گیا۔محکمہ خوراک کے مطابق غیر معیاری خوراک کی فروخت اور سرکاری نرخ نامے سے تجاوز کرنے پر تقریباً 2 لاکھ 24 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اس موقع پر وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت دکی کہ صوبہ بھر میں گرانفروشوں اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیاجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری خوراک اور سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والے کاروباریوں کیخلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے.