‘بونیر گل دہ نمیر 2025 ” خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون سے بونیر میں رنگارنگ تین روزہ ثقافتی و روایتی کھیلوں کاایونٹ کا انعقاد،افتتاح پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی اور صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے کیا۔خیبرپختونخوا حکومت کی خصوصی ہدایت پر ضلع بونیر میں محکمہ کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ بونیر کے تعاون سے تین روزہ شاندار اور رنگارنگ ثقافتی و روایتی کھیلوں کے مقابلوں کا ایونٹ ”بونیر گل دہ نمیر 2025 ” کامیابی سے جاری ہے۔اس ایونٹ میں علاقائی ثقافت، روایتی کھیل، موسیقی، شاعری، مشاعرہ، فوڈ کوٹ، آتش بازی اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں عوام کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف نوجوانوں کو مثبت تفریح فراہم کر رہا ہے بلکہ مقامی ثقافت کو بھی اجاگر کر رہا ہے۔ ”بونیر گل دہ نمیر 2025 ” کا افتتاح گزشتہ روز گورنمنٹ ڈگری کالج ڈگر بونیر میں ایک پروقار اور پرجوش تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی اور صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا سید فخر جہان نے کیا۔افتتاحی تقریب میں سیکرٹری محکمہ کھیل و امور نوجوانان، ڈپٹی کمشنر بونیر، دیگر اعلیٰ سرکاری حکام، مقامی عمائدین اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی،ایونٹس میں آتش بازی، میوزک شو، مارشل آرٹس کی پرفارمنس، قومی پرچم کے ساتھ کھلاڑیوں کے دستوں کی پریڈ، صوفی موسیقی اور مختلف دلچسپ کھیلوں کے مقابلے شائقین کی توجہ کا مرکز بنیں۔تقریب سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر خیبر پختونخوا سید فخر جہان برائے کھیل و امور نوجوانان نے کہا کہ ہم نے پہلی دفعہ بونیر میں خواتین کے لئے مینا بازار کا انعقاد کیا ہے صوبائی حکومت کھیلوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اسی تناظر میں خیبر پختونخوا کی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ محکمہ ایلمنٹری ایجوکیشن کے گراؤنڈ سیکنڈ ٹائم میں ایم او یو کے ذریعے محکمہ کھیل و امور نوجوانان عام لوگوں کے استعمال میں لائے گی۔ مقامی عوام نے اس ایونٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تین روزہ ایونٹس نہ صرف تفریح کا بہترین ذریعہ ہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع اور حوصلہ افزائی کا سبب بھی بنیں گی، محکمہ کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا صوبائی وزیر سید فخر جہان کے قیادت میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ صوبے کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید ایسے ایونٹس کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔یہ تین روزہ ایونٹ 6 مئی 2025 تک جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ ”بونیر گل دہ نمیر 2025 ”کے تحت مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ علیحدہ کھیلوں کے مقابلے ہو رہے ہیں۔ مردوں کے کھیلوں کے مقابلے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈگر بونیر میں جبکہ خواتین کے مقابلے گورنمنٹ ہاشم سر گرلز ڈگری کالج بونیر میں کامیابی سے جاری ہیں۔ بعد ازاں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے خطاب کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی علاقائی سطح پر ایسے ایونٹس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مثبت سرگرمیوں سے نہ صرف نوجوانوں کو تفریحی مواقعے ملیں گے بلکہ علاقائی سطح پر کھیلوں اور ثقافت وروایتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔