خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں نہروں کی جاری صفائی مہم کا خود نگرانی کررہا ہوں، صفائی مہم کے لئے مختص فنڈ صرف اسی مقصد کے لئے ہی استعمال ہوگا، غفلت برتنے والوں کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع صوابی میں نہروں کی جاری صفائی مہم کا معائنہ کرتے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا. صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مہم کی کامیابی اور اس کی بروقت تکمیل کے لئے مانیٹرنگ ٹیمیں بنائیں گئی ہیں. وزیر آبپاشی نے عوامی نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم پر کھڑی نظر رکھے تاکہ معیاری کام یقینی ہوسکے. عاقب اللہ خان نے صفائی مہم کے دوران سڑکوں اور متعلقہ مقامات کا خیال رکھنے پر بھی زور دیا. انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ نہروں سے نکالے جانے والے کیچڑ کو ہر ایس او پیز کے تحت منتقل کیا جائے. وزیر آبپاشی نے کہا کہ زمہ داریوں میں غفلت برتنے والوں کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی. انہوں نے عوام سے بھی نہروں میں کوڑا کرکٹ نا پھینکنے کی اپیل کی. صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ نہروں کی صفائی مہم کے مکمل ہونے کے بعد زمینداروں کو پانی کی دستیابی میں آسانی ہوگی.