نیوپشاور ویلی ہاؤسنگ پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لئے بھر پور اقدامات جاری ہیں۔ ڈاکٹر امجد علی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ نیو پشاور ویلی منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے بھر پور اقدامات جاری ہیں اور اس منصوبے کو عوامی امنگوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا جس میں دور جدید کی اہم سہولیات دستیاب ہو ں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ویلی منصوبے کی تکمیلی امور کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ خیام حسن، ڈائریکٹر جنرل عمران وزیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے گزشتہ اجلاس میں نیو پشاور ویلی سے متعلق کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ نیو پشاور ویلی منصوبہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے جس کا رقبہ ایک لاکھ چھ ہزار کنال اراضی پر محیط ہے جو کئی گاؤں اور علاقوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں جرگہ کمیٹی کے چیئرمین نے اراضی مالکان کے ساتھ معاوضے اور دیگر معاملات کے امورطے کئے ہیں اور اس کی ہفتہ وار رپورٹ سیکرٹری ہاؤسنگ کو پیش کی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس کے شرکاء کو بتایاکہ اس ہاؤسنگ منصوبے میں اب تک کی بڑی پیشرفت ایکسپریس وے ہے جو 15 سالوں سے نیو پشاور ویلی ہاؤسنگ سکیم کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ رہائشی منصوبہ آٹھ فیزز پر مشتمل ہے اور دور جدید کے رہائشی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوگا جس میں ہیلتھ زون، کالج ویونیورسٹی،مساجد اور سپورٹس کمپلیکس جیسی سہولتیں بھی شامل ہونگیں۔ معاون خصوصی نے بریفنگ میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی اراضی سے متعلق جتنے بھی تصفیہ طلب معاملات ہیں وہ متعلقہ ممبر قومی اسمبلی کے تعاون اور جرگوں کے ذریعے حل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیو پشاور ویلی ہاؤسنگ سکیم کے ہر فیز میں یکساں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس ہاؤسنگ منصوبے کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ویژن کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور یہ ہاؤسنگ منصوبہ صوبے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں