رمضان میں مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

صوبہ بھر میں مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، بریفنگ

خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے رمضان میں خوردونوش اشیاء کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور مصنوعی مہنگائی و ذخیرہ اندوزی کے تدارک کے لیے مرتب کردہ لائحہ عمل سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک ثاقب رضا اسلم سمیت محکمہ خوراک کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری خوراک نے وزیر خوراک کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں ڈویژنل سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کی نگرانی میں کام کریں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ٹیمیں نہ صرف آٹا، چینی اور دیگر اشیائے خوردونوش کے کاروباری مراکز کا دورہ کریں گی بلکہ قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی اور چھاپے بھی ماریں گی۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے عوام کا استحصال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ عام شہریوں کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عام آدمی کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو بھی عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ رمضان کے دوران مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں پر کھڑی نظر رکھیں اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں