سیاحوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات جاری رہیں گے، ڈائریکٹر جنرل واصف سعید
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایات پر صوبے کے سیاحتی اور تفریحی مقامات پر چھ روزہ خصوصی انسپکشن مہم مکمل کر لی۔ یہ مہم 31 مارچ (عید کے پہلے دن )سے 5 اپریل تک جاری رہی، جس کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف اضلاع میں واقع مشہور سیاحتی مقامات پر کھانے پینے کے کاروباروں کا معائنہ کیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور، نوشہرہ کے کنڈ پارک، چارسدہ کے سردریاب، ہری پور کے خانپور ڈیم، مانسہرہ کے بالاکوٹ، ڈونگا گلی، نتھیا گلی، شوگران، ہرنو، سوات کے فضا گٹ، مالم جبہ اور ملاکنڈ سمیت دیگر سیاحتی و تفریحی مقامات پر چھاپے مارے۔
ترجمان نے بتایا کہ کہ مہم کے دوران تقریباً 640 کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، کاروائیوں کیدوران 431 کلوگرام غیر معیاری خوراکی اشیاء پکڑ کر کو تلف کیا گیا، جبکہ 90 کاروباروں کو بہتری کے نوٹسز جاری کیے گئے۔ مزید برآں، 97 نئے لائسنس بھی جاری کیے گئے اور لائسنسنگ کی مد میں 1 لاکھ 91 ہزار روپے کی محصولات وصول کی گئیں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھاکہ فوڈ اتھارٹی کی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز نے موقع پر ہی خوردنی اشیاء جیسے کوکنگ آئل، گوشت، چائے، دودھ، دہی، مشروبات، مصالحہ جات، نمک اور دیگر اشیاء کے 32 نمونوں کی جانچ کی، جن میں سے 19 نمونے معیاری جبکہ 13 غیر معیاری پائے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سیاحوں نے فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سیاحتی مقامات پر کیے جانے والے معائنے کو سراہا اور اسے خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی عید کی چھٹیوں کے باوجود سیاحتی مقامات میں معائنوں پر داد دی اور کہا ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ سیاحوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔