وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ ضلع مانسہرہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے،علاقے کی پسماندگی دور کرنے اور ایک بہتر مستقبل کی فراہمی صوبائی حکومت کے ترجیحات میں شامل ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ عوام کی جانب سے کئے گئے اعتماد پر پورا اتریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اپنے حلقہ نیابت سے آئے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زاہد چن زیب نے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی بھرپور کوششوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا کر یہاں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی مخلصانہ قیادت میں ضلع مانسہرہ میں خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے خواب کی تعبیر کو جلد ممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں لوگوں کی معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور علاقے کے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لیے درکار فنڈز کے حصول کی خاطر صوبائی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں جن کی تکمیل کے باعث علاقے کی پسماندگی دور ہوگی اور مثبت تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ مشیر سیاحت و ثقافت نے یقین دلایا کہ حکومتی اقدامات سے یہ علاقے جلد خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔

مزید پڑھیں