محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے وزیر اعلیٰ کے عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت اور وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایت پر ناقص خوراک کے کاروباروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز مردہ اور غیر معیاری گوشت سپلائی کرنے والے گروہ کو پکڑ لیا۔ اس کارروائی کے دوران تقریباً 2500 کلوگرام مردہ اور باسی گوشت برآمد کر کے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔محکمہ خوراک کے حکام کے مطابق، انسپکشن ٹیموں نے خفیہ اطلاع ملنے پر علی الصبح جی ٹی روڈ پشاور پر ناکہ بندی کی، جہاں چیکنگ کے دوران ایک گاڑی سے سینکڑوں کلوگرام باسی اور ناقص گوشت پکڑا گیا۔ محکمہ لائیو اسٹاک کے میٹ ٹیسٹنگ لیب نے گوشت کے نمونے چیک کیے اور اسے انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں قرار دیا، جس کے بعد اسے مقررہ طریقے سے ضائع کر دیا گیا۔حکام کے مطابق، یہ باسی گوشت پنجاب سے خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔ گاڑی کے مالکان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سیکرٹری محکمہ خوراک ثاقب رضا اسلم کے مطابق وزیر خوراک کی ہدایت پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو غیر معیاری گوشت کی سپلائی کے نیٹ ورک کی مکمل تحقیقات کرے گی اور اصل حقائق سامنے لائے گی۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے انسپکشن ٹیموں کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ ایسے کاروباروں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام کی صحت محفوظ بنائی جا سکے۔