خیبر پختونخوا کی نرسز کے لیے لیڈرشپ اور کیپیسٹی بلڈنگ ٹریننگ پروگرام کے تیسرے بیچ کی افتتاحی تقریب کاانعقاد

سیکرٹری ہیلتھ سید عدیل شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر کے ایم یو کی پرووائس چانسلر بھی موجود تھیں

*نرسز کے ریفریشر کورسز اور جدید طریقوں کی مسلسل تربیت سے شرکاء کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، سیکرٹری ہیلتھ *

خیبر پختونخواکی نرسز کے لیے لیڈرشپ اور کیپیسٹی بلڈنگ ٹریننگ پروگرام کے تیسرے بیچ کی افتتاحی تقریب خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور اور SAME RPS UK کے مشترکہ منصوبے کے تحت منعقد ہوئی۔ اس ٹریننگ کا مقصد نرسز کی تربیت کے معیار کو بین الاقوامی میعار کے مطابق بہتر بنانا ہے جس میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ماہر ٹرینرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری صحت سید عدیل شاہ تھے، جنہوں نے پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر اعجاز حسین، پروجیکٹ ڈائریکٹر نے پروگرام کے مقاصد اور اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے منصوبے نرسز کو جدید لیڈرشپ اسکلز اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ تقریب سے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی اور خیبر پختونخواکی ڈائریکٹر نرسنگ مس اختر بانو نے بھی خطاب کیا۔ ان شخصیات نے اس تربیتی پروگرام کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا، جو صوبے میں نرسنگ کے پیشے کو ایک نیا رخ دینے میں مددگار ہوگا۔مقررین نے کہا کہ ٹریننگ کے شرکاء کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے جس میں جدید تکنیکوں اور بہترین طبی اصولوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شرکاء کو انٹرنیٹ، آئی ٹی وسائل، جدید کلاس رومزاورہسپتالوں کے وزٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جو اس پروگرام کو ایک مثالی ماڈل بناتی ہیں۔ اپنے خطاب میں سید عدیل شاہ نے کہا ”نرسنگ شعبہ صحت کے نظام کا ایک اہم عنصر ہے۔ صوبائی حکومت نرسنگ کالجز کے معیار کو بلند کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ بہترین پیشہ ورانہ مہارت کے حامل نرسز تیار کی جا سکیں۔ یہ ٹریننگ نرسنگ کے شعبے میں نمایاں تبدیلی کا باعث بنے گی اور صوبے کے مجموعی صحت کے نظام پر مثبت اثر ڈالے گی”۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نرسز کو عملی تربیت فراہم کرتا ہے جو انہیں اپنے شعبے میں بہترین کارکردگی کے لیے درکار مہارت اور علم سے آراستہ کرتا ہے۔ سیکرٹری صحت نے شرکاء کو مکمل تعاون اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لیڈرشپ اور کیپیسٹی بلڈنگ ٹریننگ پروگرام کو نرسز کی پیشہ ورانہ ترقی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بے حد سراہا جا رہا ہے۔ ریفریشر کورسز اور جدید طریقوں کی مستقل تربیت سے شرکاء کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جو ایک مضبوط اور مؤثر نظام صحت کے قیام میں مدد فراہم کرے گا۔واضح رہے کہ یہ مشترکہ پراجیکٹ SAME RPS UK،محکمہ صحت اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے درمیان ایک پائیدار اور اثر انگیز طبی افرادی قوت کی تشکیل کے عزم کو اجاگر کرتا ہے جو بالآخر عوامی صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں