صوبے کو زرعی میدان میں خود کفیل بنانے کے لئے جدید سائنسی بنیادوں پر، کسانوں کو سائنسی طریقہ کاشت سے روشنانس کرانے کی جانب راغب کرنے کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اپنا کردار اداکریں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز نے ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل سجاد حسین شاہ نے تفصیلی بریفنگ دی اور ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے درپیش مسائل سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز نے ڈائریکٹوریٹ کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈٹیکنالوجی عام عوام کو زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں اور مستقبل کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کو بھی عملی جامہ پہنانے کے ساتھ ساتھ جدید سائنسی تحقیق کو فروغ دینے میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں، حکومت صوبے میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے ہر قسم کی مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔ڈائریکٹوریٹ، طلباء کی ٹریننگ اور مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔