خیبر پختونخوا حکومت کی نئی سالانہ اے ڈی پی کسان دوست ہوگی۔سجاد بارکوال خیبر پختونخواکے وزیر زراعت

خیبر پختونخوا حکومت کی نئی سالانہ اے ڈی پی کسان دوست ہوگی۔سجاد بارکوال
خیبر پختونخواکے وزیر زراعت میجر ریٹائر سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی نئی سالانہ اے ڈی پی کسان دوست ہوگی اور صوبے میں زراعت کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پیر کے روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بیج کی نئی اقسام متعارف کروائی جا رہی ہیں جس کے لیے محکمہ زراعت نے بھرپور اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سات اضلاع میں کسانوں کو مفت بیج فرام کئے گئے ہیں اور صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح بیج کی فراہمی جلد شروع کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی اے ڈی پی میں ایسے منصوبے شروع کیے جائیں گے جن کی بدولت کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ کچن گارڈننگ کے نام سے ایک ایسا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے سکولوں میں بچوں اور بچیوں کو مختلف سبزیاں اگانے کی تربیت سے روشناس کرایاجائے گا تاکہ وہ کم جگہ میں اپنے لئے زیادہ سے زیادہ سبزیاں پیدا کر سکیں۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق صوبے میں زراعت کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ عوام کی امنگوں کے مطابق فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے اور زمینداروں اور کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں