وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اہم اجلاس

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور کوہاٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی سطح پر ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی پشاور، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ڈی آئی خان، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوہاٹ اور سپرنٹنڈنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بنوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ہر ریجنل آفس کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں مختلف چالانز، انسپکشنز، غیر قانونی اڈوں کے خلاف کارروائیاں اور عوامی شکایات کے ازالے جیسے امور شامل تھے۔حاجی رنگیز احمد نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری، شفافیت اور کرپشن کے خاتمے کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو محفوظ، سستی اور باعزت سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں