خیبر پختونخوا کے وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ

خیبر پختونخوا کے وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ سماجی بہبود کے تحت عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے اہمیت کے حامل عوامی منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام2025-26 میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا۔جبکہ صوبے میں جاری منصوبوں کو بروقت تکمیل تک پہنچائیں گے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محکمے کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے اور اسے فعال بنانے کے ساتھ ساتھ آئندہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں معاشرے کے پسماندہ اور مستحق افراد کی خوشحالی کے منصوبے ترتیب دینے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے اور کوشش کی جائے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سماجی بہبود میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے بارے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رفیق احمدمہمند،ضلعی سوشل ویلفیئر افیسر نور محمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں محکمے کے جاری اور آئندہ شروع کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری عوامی سکیموں کو ترجیحی دیتے ہوئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے اور جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے آراء و تجاویز پیش کی گئیں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود کے حکام کو مزید ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں عوامی مفاد کے منصوبوں کو اولیت دی جائے اور ان کے لئے ایک جامع حکمت عملی وضع کریں تاکہ عوامی خدمت کے مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔

مزید پڑھیں