صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے بھارت کی جارحانہ کارروائیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی بہادری کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور افواج مل کر بھارت کو تاریخی شکست دیں گے۔ بھارت کے مزموم عزائم کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا جائے گا۔اپنے دفتر سے جاری بیان میں میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سمیت پوری دنیا جان لے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے اور ہر صورت میں اپنی خودمختاری، سلامتی اور وقار کا تحفظ کرے گا۔ ہم نے ماضی میں بھی ثابت کیا ہے اور مستقبل میں بھی یہی عزم دہرائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کو اپنی حدود کا اندازہ ہو جانا چاہیے۔ بھارت کو پاکستان کی طاقت اور عوام کے اتحاد کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی حدوں میں رہنا ہوگا۔صوبائی وزیر نے بھارت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا۔ ہمارے جوانوں اور عوام کا جذبہ حوصلہ شکن کارروائیوں کا جواب دینے کے لیے ہمیشہ مستعد رہتا ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو خراج تحسین کیا۔