صوبائی وزیر لائیو سٹاک فضل حکیم خان یوسفزئی کا بھارت کی جارحیت پر شدید ردعمل، قومی یکجہتی پر زور

صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فیشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے بھارت کی جارحیت اور معصوم پاکستانی شہریوں بشمول بچوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے منہ توڑ جواب پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی بھارتی مہم جوئی کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے اپنے دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم اور قابل مذمت ہے۔ پاکستان کی دفاعی طاقت اور عوام کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ پاک فضائیہ نے دشمن کو اس کی زبان میں جواب دیا ہے، جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی اس وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اس کے لیے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی ناگزیر ہے۔ ملک کے اہم فیصلوں میں ان جیسے قائدین کو شامل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیاکہ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے شہریوں کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔فضل حکیم خان یوسفزئی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات میں قومی مفاد کو فوقیت دیتے ہوئے تمام سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈالنا ہوگا۔ ہماری افواج اور عوام کا اتحاد ہی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں