وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ خواتین اور بچوں کی صحتمندانہ زندگی اور ان کی بہترین نشوونما کے لیے دیہی اور شہری علاقوں میں بہبودِ آبادی کے مراکز کو بہتر طریقے سے مزید فعال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہبودِ آبادی کے مراکز میں موجود عملے کو سہولیات مہیا کی جائیں گی تاکہ لوگوں کی خدمت میں کوئی کسر نہ رہ جائے۔بہبودِ آبادی کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات قوم کے بہترین مستقبل کو ملحوظ نظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ معاون خصوصی نے وفود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں بے ہنگم آبادی کو روکنے کے لیے مانع حمل کے فوائد اور دستیاب طریقوں کے بارے میں شعور دینے کی جامع حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے۔ جتنا لوگوں میں بہبودِ آبادی کے حوالے سے شعور ہوگا اتنا ہی معاشرہ خوشحالی اور ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ عوامی مفادات اور فلاح کے لئے پورے خلوص دل اور استطاعت سے کام کرتا رہوں گا۔