خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا اور مضر صحت خوراکی اشیاء سے منسلک کاروباروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز پشاور اور دیر لوئر میں بڑی کاروائیاں کیں اور سینکڑوں کلوگرام گوشت اور مردہ مرغیاں سمیت غیر معیاری شہد پکڑ لیا اور مالکان کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔اس سلسلے میں ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور موٹر وے ٹول پلازہ، رنگ روڈ اور حاجی کیمپ اڈے کے قریب ناکہ بندیاں کیں اور خوراک کی اشیاء لے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی معائنے کے دوران پنجاب سے آنے والی ایک گاڑی سے 300 کلو گرام باسی اور مضر صحت گوشت اور کلیجی برآمد کی گئی جسے موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ خفیہ اطلاع ملنے پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے مرغ منڈی میں ایک دکان پر اچانک چھاپہ مار کر 300 کلوگرام سے زائد مردہ مرغیاں پکڑی گئیں جنہیں بھی تلف کر دیا گیا۔ مزید تفصیلات کیمطابق دیر لوئر کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے تیمرگرہ بائی پاس پر واقع ایک ہوٹل پر چھاپہ مارا اور ہوٹل کے اندر ایک کمرے میں مصنوعی شہد تیار کرتے ہوئے پکڑا گیا فوڈ سیفٹی ٹیم نے انسپکشن کیدوران 200 کلوگرام سے زیادہ جعلی شہد برآمد کرکے بحق سرکار ضبط کر لیا۔کارروائیوں کے دوران مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی اشیاء میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کے ساتھ ساتھ کوئی نرمی بھی نہیں برتی جائے گی۔