محکمہ ٹرانسپورٹ اور کے پی آئی ٹی بورڈ کے درمیان ڈرائیونگ لائسنس اور روڈ پرمٹ سمیت محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام امور کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر لئے گئے، معاون خصوصی ٹرانسپورٹ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد نے کہا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کر رہے ہیں، جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار بھی کیا جا رہاہے، اس حوالے سے آج محکمہ ٹرانسپورٹ اور کے پی ائی ٹی بورڈ نے ڈرائیونگ لائسنس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کر لئے ہیں، مجھے امید ہے کہ یہ ڈیجیٹائز یشن ریوینیو جنریشن میں بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کے پی آئی ٹی بورڈ حیات آباد میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور کے پی ائی ٹی بورڈ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کر لئے گئے۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شفقت ایاز، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ایم ڈی کے پی ائی ٹی بورڈ، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ و دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کیا۔ اجلاس کو ایم ڈی کے پی ائی ٹی بورڈ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی ڈیجیٹائز یشن سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی، ایم ڈی کے پی آئی ٹی بورڈ نے اجلاس کو بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی مکمل ڈیجیٹائز یشن کو ایک سال اور چھ مہینوں میں مکمل کیا جائے گا جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کو چار ماہ میں ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ مفاہمتی یاداشت کے دستخط معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد اور معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شفقت ایاز کی سربراہی میں کئے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے موبائیل اپلیکیشن، ”دستک ” کو استعمال کیا جائے گا۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی ڈیجیٹائز یشن سے لائسنس کا حصول نہایت اسان ہوسکے گا جبکہ اس نظام سے تھرڈ مین کا کردار بھی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈیجیٹائز یشن سے جعلی لائسنس اور جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ کا بھی خاتمہ ہوگا اور عوام اپنے گھر سے ہی ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے اپلائی کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بہت جلد صوبے کے عوام اس سہولت سے استفادہ حاصل کر سکیں گے،۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی ڈیجیٹائز یشن میں اوورسیز پاکستانیوں کو خصوصی رعایت دی جائے گی جبکہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی اوورسیز کے لئے لائسنس کے حصول کو آسان اور کم وقت میں ممکن بنا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کو خدمات کی فراہمی کے لئے اسی طرح عملی اقدامات اٹھائے گی۔

مزید پڑھیں