اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کی نگرانی کو فروغ دینے کے لیے معاہدے پر دستخط ہوگئے

معاہدے پر وی سی کے ایم یو اور فلیمنگ فنڈ کنٹری گرانٹ کے ٹیکنیکل ایڈوائزرنے دستخط کیئے

یہ معاہدہ اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کی نگرانی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا،پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق

خیبر پختونخوا میں اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس (AMR) کے خلاف جدوجہد میں ایک اہم قدم کے طورپر خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور اور DAI فلیمنگ فنڈ کنٹری گرانٹ پاکستان کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت (MOU) پر دستخط ہو گئے۔ یہ دوطرفہ تعاون صوبے میں عوامی صحت کی کوششوں میں ایک اہم پیشرفت کی نشاندہی کرتا ہے۔واضح رہے کہ اس مفاہمتی یادداشت پر AMR کی نگرانی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے باہمی رضامندی سے دستخط کیئے گئے ہیں جو خیبر پختونخوا میں AMR کے اثرات کو مؤثر طریقے سے منظم اور کم کرنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اس معاہدے کے تحت کے ایم یو کے اندر استعداد کار میں اضافہ، اینٹی مائیکروبیل اسٹیورڈ شپ کے لیے لیبارٹری ٹریننگ میں خاطر خواہ معاونت، اور ایک بایورپوزیٹری/بایوبینک کے قیام و دیکھ بھال شامل ہیں جس میں تکنیکی مدد اور آئی ٹی سافٹ ویئر مینجمنٹ کے حل شامل ہیں۔ اس جامع معاونت کا مقصد کے ایم یو کی صلاحیتوں کو AMR کے چیلنجز سے مکمل اور مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے مضبوط بنانا ہے۔معاہدے کی دستخطی تقریب میں کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر یاسر محمود یوسفزئی نے ادارے کی نمائندگی کی جبکہ فلیمنگ فنڈ کنٹری گرانٹ کی نمائندگی ڈاکٹر فیاض احمد ٹیکنیکل ایڈوائزر اور غلام فاروق خان، خیبر پختونخوا کے صوبائی لیڈ نے کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت AMR کے لیے ون ہیلتھ اپروچ کو مضبوط بنانے کے لیے فریقین کے درمیان مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے، جو انسانی، حیوانی اور ماحولیاتی صحت کے شعبوں میں کوششوں کو مربوط بناتی ہے۔اس دو طرفہ تعاون سے عوامی صحت کے نمایاں فوائد کی توقع ہے جب کہ اس سے مقامی اور قومی سطح پر AMR کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ شراکت خیبر پختونخوا میں AMR کے لیے مربوط ردعمل کو فروغ دینے کے لیے ون ہیلتھ ایجنڈے کے نفاذ کو نمایاں طور پر آگے بڑھانے کا باعث بنے گی۔تقریب میں کے ایم یو اور فلیمنگ فنڈ کنٹری گرانٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی جس میں اس اقدام کے اشتراکی جذبے کو نمایاں کیا گیا۔

مزید پڑھیں